مشرقی کانگو کے بوکاوو شہر میں آگ لگنے کا ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 2 اسکولوں کے ساتھ ساتھ کم و بیش 300 گھر بھی خاک میں مل گئے ہیں۔ یہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جس میں کم از کم 26 طلبا کی موت ہو گئی۔ شہر پر کنٹرول رکھنے والے ایک باغی گروپ ’ایم 23‘ کے ترجمان لارنس کانیوکا نے بتایا کہ مرنے والوں میں 19 لڑکیاں اور 7 لڑکے شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 29 دیگر افراد کا مقامی اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ مقامی منتظم موئز لوبالا نے بتایا کہ آگ پہلے ایک گھر میں لگی اور پھر قریب واقع 2 اسکولوں اور دیگر گھروں تک پھیل گئی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی طلبا ’فوراہا سیکنڈری اسکول‘ کے اندر پھنس گئے اور کچھ کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
کانگو کے 2 اسکولوں میں لگی خوفناک آگ، 19 طالبات سمیت 26 طلبا جاں بحق، 300 گھر بھی ہوئے خاک!

