انورزیب خان بے نقاب نیوز
’گل مکئی‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر سرگرم ملزم گرفتار، پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا
پشاور میں دوسروں کے شناختی کارڈ پر حاصل کی گئی سموں اور موبائل نمبرز کے ذریعے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور واٹس ایپ بنانے اور مبینہ طور پر بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے ’گل مکئی‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر سرگرم ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق مذکورہ فیس بک پیج سے سول بیوروکریسی کے افسران، فورسز اور دیگر حکام کے خلاف مواد اپ لوڈ کیا جاتا رہا، جبکہ بعض واٹس ایپ گروپس میں بھی مبینہ طور پر دوسرے افراد کی سموں پر اکاؤنٹس بنا کر پولیس افسران اور دیگر شہریوں کو بلیک میل کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخصوص عناصر مبینہ طور پر جرائم پیشہ افراد، قبضہ گروپس اور دیگر گروہوں کو سہولت فراہم کرنے سمیت مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ فیس بک پیج پر مواد اپ لوڈ کرنے والے دیگر افراد کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشاور میں بعض مردوں، خواتین اور سادہ لوح شہریوں کے نام پر رجسٹرڈ سموں سے واٹس ایپ اکاؤنٹس بنا کر مبینہ بلیک میلنگ کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ پولیس نے ان معاملات کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ان افراد سے بھی پوچھ گچھ کا آغاز کر دیا ہے جن کے نام پر متعلقہ سمیں رجسٹرڈ ہیں تاکہ اصل استعمال کنندگان تک پہنچا جا سکے۔ذرائع کے مطابق سائبر کرائم سے متعلق اداروں کی جانب سے بھی معاملے کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوسروں کی شناخت اور سموں کا مبینہ غلط استعمال کرکے سرکاری افسران، اہلکاروں اور شریف شہریوں کو بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے ایسے مبینہ گروہوں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے، جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

