نواب شاہ : (رپورٹ نفیس آرائیں)
ضلع شہید بینظیر آباد کی تھانہ گپچانی پولیس نے جھیمل شاخ کے قریب گشت کے دوران ڈاکوؤں سے ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا، جبکہ اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گپچانی کی ٹیم نے مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں مجاہد ولد غازی خان رند، رہائشی جمشید کالونی، زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم چوری، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب ہے اور اس کے خلاف تھانہ تعلقہ نواب شاہ، جام ڈتھر اور گپچانی میں مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، جبکہ دیگر اضلاع سے بھی اس کا مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

