ریاض + لندن :خام تیل کی قیمتوں میں جمعہ کو 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ ہفتہ وار بڑی گراوٹ کی جانب گامزن ہیں جس کی وجہ سپلائی کے حوالے سے خدشات میں کمی آنا ہے۔ اگرچہ جمعرات کو عمان کے قریب ایک کارگو جہاز کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم آبنائے ہرمز سے مزید پھنسے ہوئے آئل ٹینکرز کے نکل جانے کے بعد صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
برینٹ کروڈ آئل کے سودے 1.47 ڈالر یا 1.95 فیصد کی کمی سے 73.79 ڈالر فی بیرل پر آگئے جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 1.44 ڈالر یا 2 فیصد کی کمی کے بعد 70.48 ڈالر فی بیرل پر ریکارڈ کئے گئے ۔
ایل ایس ای جی کے شپنگ ڈیٹا کے مطابق سعودی عرب کی بڑی آئل ریفائننگ کمپنی سعودی آرامکو نے تقریباً چار ماہ کی معطلی کے بعد جمعے کو خلیج میں واقع اپنے راس تنورہ ٹرمینل پر خام تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع کر دی۔

