نواب شاہ (رپورٹ نفیس آرائیں) سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ تعلقہ شہید بینظیرآباد کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کے حوالے سے منعقدہ خواتین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوزیہ حسن مستوئی نے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک عظیم اور یادگار دن ہے، جس نے قوم کو وقار، خوداعتمادی اور تحفظ کا نیا احساس دیا۔انہوں نے خواتین شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین ہر شعبہ زندگی میں ملک کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور قومی یکجہتی، حب الوطنی اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں خواتین کی ذمہ داری نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں اتحاد، خودداری اور قومی سلامتی کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔فوزیہ حسن مستوئی نے کہا کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو چاہیے کہ وہ نئی نسل کی تربیت قومی اقدار، اخلاقیات اور وطن سے محبت کے جذبے کے ساتھ کریں تاکہ پاکستان مزید مضبوط اور مستحکم بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں برابر کی شریک ہیں اور معاشرے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں ان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔سیمینار میں شریک خواتین نے یومِ تکبیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ تعلقہ شہید بینظیرآباد کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کے حوالے سے خواتین سیمینار

