نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز میں 21 سے 23 مئی 2026 تک تین روزہ CTPDP تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید تدریسی مہارتوں کو فروغ دینا اور تعلیمی معیار کو مؤثر بنانا تھا۔تربیتی پروگرام کے دوران ماہرینِ تعلیم کی زیرِ نگرانی جدید تدریسی طریقہ کار، کلاس روم مینجمنٹ، طلبہ کی دلچسپی برقرار رکھنے، سماجی و جذباتی تعلیم اور مؤثر تدریسی حکمتِ عملیوں پر خصوصی سیشنز منعقد کیے گئے۔پروگرام میں کیڈٹ کالج پٹارو، کیڈٹ کالج لاڑکانہ، کیڈٹ کالج سانگھڑ سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے شرکت کی۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی شہاب الدین ملاح تھے، جبکہ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر فریدہ شیخ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کالج انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔

