سکھر (رپورٹ: عبد الرحمان راجپوت)
سول ہسپتال سکھر میں بجلی کی طویل بندش کے باعث طبی سہولیات بری طرح متاثر ہو گئیں، جبکہ ایکسرے ڈیپارٹمنٹ مکمل طور پر بند ہونے سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ایکسرے مشینیں کئی گھنٹوں سے غیر فعال ہیں، جس کے باعث حادثات میں زخمی ہونے والے افراد، ایمرجنسی کے مریض اور دیگر شدید بیمار شہری صبح سے ایکسرے کروانے کے انتظار میں پریشان کھڑے ہیںمریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ متبادل انتظامات، خصوصاً جنریٹر یا بیک اپ پاور سسٹم کو بروقت فعال کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، جس کے نتیجے میں علاج معالجے کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ کئی مریضوں کو مجبوراََ نجی لیبارٹریوں اور پرائیویٹ اسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جہاں مہنگے ٹیسٹ غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔دوسری جانب شدید گرمی اور حبس نے بھی مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ وارڈز، ایمرجنسی اور او پی ڈی میں بجلی کی مسلسل بندش کے باعث پنکھے اور کولنگ سسٹم بند پڑے ہیں، جس سے ہسپتال کے اندر دم گھٹنے جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ مریض، بزرگ شہری، خواتین اور بچے شدید گرمی میں بے حال دکھائی دیے، جبکہ کئی مریضوں کی حالت گرمی اور حبس کے باعث مزید خراب ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔شہری حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت سندھ، ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

