جیکب آباد رپورٹ مجیب کھوسو
جیکب آباد پسند کی شادی کے تنازع پر نذر آتش کئے گئے گاؤں کا پارلیمانی سیکریٹری صائمہ آغا کا دورہ، گھروں کو دوبارہ تعمیر کرانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پسند کی شادی کے تنازع پر گاؤں میں گھروں کو آگ لگانے کے واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کی رہنما و پارلیمانی سیکریٹری صائمہ آغا نے متاثرہ گاؤں محمد صدیق آرائیں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرہ افراد سے تفصیلات حاصل کیں، پارلیمانی سیکریٹری صائمہ آغا نے پسند کی شادی کے تنازع پر جلائے گئے گھروں کے متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر جیکب آباد پہنچی ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور امداد فراہم کی جاسکے، انہوں نے کہا کہ جلائے گئے گھر پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت تعمیر کیے گئے تھے اور سندھ حکومت انہیں دوبارہ تعمیر کرا کے متاثرین کو فراہم کرے گی، صائمہ آغا کا کہنا تھا کہ پسند کی شادی کوئی جرم نہیں مذہب اور قانون دونوں اس کی اجازت دیتے ہیں تاہم گھروں کو جلانا افسوسناک، غیر انسانی اور مجرمانہ عمل ہے جسے حکومت ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔

