سکھر (رپورٹ: عبد الرحمان راجپوت)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ اور اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر زاہد ملک نے اسپتال کے ایمرجنسی بلاک کا اچانک اور طوفانی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور ڈیوٹی پر موجود عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہِ راست ملاقات کی اور ان سے ادویات کی فراہمی، علاج معالجے اور عملے کے رویے کے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ داری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ایمرجنسی بلاک میں موجود ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین کو ہدایت کی کہ مریضوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ایمرجنسی میں آنے والے ہر مریض کو بروقت علاج، ضروری ادویات اور مکمل توجہ فراہم کی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سکھر :میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور اے ایم ایس ایڈمن نے اسپتال کے ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا

