چکوال (بیورو چیف جلیل نقوی): ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے ضلع چکوال کا دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران آر پی او راولپنڈی نے سائبان ایس ڈی پی او آفس صدر سرکل چکوال اور سیف سٹی چکوال پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشنز سٹی چکوال، ڈھڈیال اور صدر چکوال سمیت ڈی پی او آفس چکوال کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔آر پی او نے تھانہ جات کے ریکارڈ، حوالات، عمارتوں اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔بعدازاں تھانہ سٹی چکوال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی پی او چکوال، ایس ڈی پی او صدر سرکل، متعلقہ ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کیے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام تک براہِ راست رسائی کا مؤثر ذریعہ ہیں اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔آر پی او نے صدر سرکل چکوال میں قائم DRC کے ممبران سے بھی ملاقات کی اور تنازعات کے پرامن حل میں ان کے کردار کو سراہا۔
آر پی او راولپنڈی کا دورہ چکوال، کھلی کچہری، سیف سٹی پراجیکٹ اور سائبان آفس کا افتتاح

