اسلام آباد:این ڈی ایم اےکے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 19 سے 26 مئی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اےکے میڈیا ونگ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار کے علاقوں بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارش متوقع ہے۔
سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شدید گرمی کی لہر متوقع ہے۔ پنجاب کے شہروں بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور میں بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح سندھ کے کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، دادو، تھرپارکر اور دیگر علاقوں جبکہ بلوچستان کے تربت، سبی، لسبیلہ، جعفرآباد اور پنجگور سمیت مختلف اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے سے صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، لہٰذا شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ 23 مئی تک شمالی علاقہ جات میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان اور ملحقہ علاقوں کے متعدد مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ مزید برآں بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر، بچوں اوربزرگوں کا باہر نہ نکلنے کی ہدایت، الرٹ جاری

