باکو : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔
صدارتی محل میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور پنجاب اور آذربائیجان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر الہام علیوف نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Chief Minister Maryam Nawaz Sharif meets The President of Azerbaijan is Ilham Aliyev pic.twitter.com/UqooSUUgBT
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) May 17, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آذربائیجان کی حکومت کی خصوصی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر باکو پہنچی ہیں۔ وہ وہاں ہونے والے بین الاقوامی "ورلڈ اربن فورم” میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ باکو اولمپک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے "ورلڈ لیڈرز سمٹ” سے بھی خصوصی خطاب کریں گی، جہاں وہ پاکستان کا ترقیاتی وژن دنیا کے سامنے رکھیں گی۔
اس عالمی فورم کے دوران، وزیراعلیٰ مریم نواز حکومتِ پنجاب کے تاریخی منصوبے "اپنی چھت، اپنا گھر” کو بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کریں گی۔
اس اقدام کا مقصد پنجاب کے سستے اور پائیدار ہاؤسنگ ماڈل کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ کس طرح غریب اور متوسط طبقے کو چھت فراہم کی جا رہی ہے۔

