سینئر اداکارہ ممتاز نے سنجیو کمار کے بعد زینت امان کی اداکاری کو بھی ‘ناکارہ’ قرار دے دیا
ممبئی : بالی وڈ کے سنہری دور کی لیجنڈری اداکارہ ممتاز اکثر اپنے بے باک بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔ لیکن سینئر اداکاروں کو خبروں میں رہنے اور ‘توجہ’ حاصل کرنے کے لیے متنازعہ بیانات کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ ممتاز نے ایک بار پھر ماضی کے عظیم اداکار سنجیو کمار کے حوالے سے اپنے پرانے موقف کو دہرایا ہے کہ وہ ایک بہترین اداکار تو تھے لیکن "بڑے سٹار” نہیں تھے۔ صرف یہی نہیں، انہوں نے اس بار بالی وڈ کی ‘گلیمر کوئین’ زینت امان کی اداکاری پر بھی سخت تنقید کی ہے۔
سنجیو کمار کے حوالے سے جاری تنازعہ پر بات کرتے ہوئے ممتاز نے واضح کیا کہ ان کی باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا، "میں نے کیا غلط کہا؟ میں اس بات سے انکار نہیں کر رہی کہ وہ ایک بہترین اداکار تھے۔ لیکن سٹار ہونے اور اداکار ہونے میں بڑا فرق ہوتا ہے۔”
ممتاز نے مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار، دیو آنند، اور شمی کپور جیسے ہیروز ‘سٹارز’ تھے۔ ان کے مطابق، "سنجیو کمار کریکٹر رولز اور یہاں تک کہ سپورٹنگ رولز (معاون کردار) بھی کرتے تھے۔ وہ بہت اچھے انسان تھے، بہت مہذب تھے، لیکن سٹار اور اداکار میں فرق ہوتا ہے۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ سنجیو کمار میں صلاحیت تو بے پناہ تھی، لیکن ان میں وہ "کمرشل ماس اپیل” (عوام میں مقبولیت) نہیں تھی جو لیجنڈری آئیکنز کے ساتھ جڑی ہوتی ہے۔
بات چیت کے دوران جب زینت امان کا ذکر آیا تو ممتاز نے کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے صاف الفاظ میں کہا، "زینت امان، ٹھیک ہے۔ زینت امان کوئی بہت اچھی اداکارہ نہیں تھیں، معافی چاہتی ہوں—میں ان سے بھی معافی مانگوں گی لیکن یہ حقیقت ہے۔” ممتاز نے ان کی صلاحیتوں پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا، "انہیں کتنے ایوارڈز ملے؟ اگر آپ ہر کسی کو سٹار کہیں گے تو یہ کیسے چلے گا؟ ہر کوئی سٹار نہیں ہوتا۔”
ممتاز نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج کل فلم انڈسٹری میں ‘سٹار’ کا لیبل بہت آسانی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی سٹارڈم بہت نایاب ہے۔ "ہر کوئی سٹار نہیں بن سکتا؛ ہر کوئی دلیپ کمار نہیں ہو سکتا۔ سٹار بننے میں سالوں لگتے ہیں، جب تک آپ وہاں پہنچتے ہیں آپ کے بال گر جاتے ہیں۔”
انٹرویو کے آخر میں، انہوں نے ان ہیروئنز کے نام لیے جنہیں وہ واقعی سٹار مانتی ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہیروئنز میں مینا کماری، مدھوبالا، نرگس اور ریکھا، یہ سچی سٹارز تھیں۔”
ممتاز کے ان بیانات نے ایک بار پھر بالی وڈ میں بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا واقعی سینئر اداکارہ کے یہ بیانات صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہیں یا وہ فلمی تاریخ کے حقائق کو اپنے نقطہ نظر سے واضح کر رہی ہیں۔اور کئی سینئر اداکاروں نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ اس پیرامیٹر کے تحت وہ خود کو کہاں دیکھتی ہیں ؟
سنجیو کمار، زینت امان کے بارے میں اداکارہ ممتاز کا ایسا بیان کے سب توبہ توبہ کراٹھے

