تہران، تل ابیب، دبئی، واشنگٹن: ایران کی جنگ کا 27واں دن: امریکا نے ایران کو جنگ بندی کی 15 نکاتی تجویز پیش کی ہے۔ ایران نے جنگ بندی کی اپنی تجویز جاری کی ہے، جس میں آبنائے ہرمز پر جنگی معاوضے اور خودمختاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دفتر نے تصدیق کی تھی کہ وہ مصر، پاکستان اور ترکی سمیت متعدد ممالک کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی پر بات چیت کر رہے ہیں۔ اس وقت ایران پر اسرائیلی حملے جاری ہیں جب کہ ایران بھی جوابی کارروائی کر رہا ہے۔
ایرانی بیکار جنگجو ،زبردست مذاکرات کار ہیں وہ مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں:ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایران کو متنبہ کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت میں شامل ہو جائے ’اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔صدر ٹرمپ کا واشنگٹن میں ایران کے حوالے سے کابینہ کے اجلاس میں کہنا ہے کہ امریکہ نے ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو ’مکمل طور پر‘ ختم کر دیا ہے اور ایران کے ’90 فیصد کے قریب‘ میزائل لانچرز اور ’شاید 90 فیصد سے زیادہ‘ میزائل بھی تباہ کر دیے ہیں۔ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ ایران معاہدہ کرنے کی بھیک مانگ رہا ہے۔ انہوں نے کہ ایرانی بیکار جنگجو، لیکن زبردست مذاکرات کار ہیں،
ٹرمپ کا یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل نے کہا کہ اس نے ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسری کو قتل کر دیا ہے انہوں نے اسے جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز کی اہم شپنگ لین کا گلا گھونٹنے کا ’براہ راست ذمہ دار‘ قرار دیا ہے۔
سعودی عرب اور قطر سمیت چھ ممالک نے ایرانی حملوں پر مشترکہ بیان جاری کیا
سعودی عرب، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین اور اردن نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں ایرانی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ ممالک نے کہا کہ یہ حملے ان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں، چاہے وہ براہ راست یا اپنے اتحادیوں اور مسلح دھڑوں کے ذریعے خطے میں حمایت کرتے ہیں۔
ممالک نے نشاندہی کی کہ عراق سے حملے "ایران کے وفادار” مسلح دھڑوں کی طرف سے کیے جا رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور کنونشنس کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 (2026) کی صریح خلاف ورزی ہیں، بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح طور پر مطالبہ کرتی ہے کہ ایران فوری طور پر اور غیر مشروط طور پر بشمول پراکسی کے استعمال کے ذریعے پڑوسی ریاستوں کے خلاف کسی بھی قسم کے حملے یا دھمکیوں کو روکے”۔
امریکا نے ایران جنگ میں 10,000 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ نے کہا کہ امریکی افواج نے ایران جنگ میں اب تک 10,000 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی بحریہ کے ایڈمرل بریڈ کوپر نے یہ تبصرہ سنٹرل کمانڈ کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری کردہ ایک ویڈیو میں کیا۔ کوپر نے کہا، "اگر آپ اپنے اسرائیلی اتحادی کی کامیابی کے ساتھ جو کچھ ہم نے حاصل کیا ہے، اس کو ایک ساتھ جوڑیں، تو ہم نے ہزاروں مزید حملے کیے ہیں۔” "ہمارے درست حملوں نے ایرانی فضائی دفاع کو مغلوب کر دیا ہے اور ہماری جنگی پروازوں کے ٹھوس اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔” کوپر نے مزید کہا کہ امریکہ نے ایرانی بحریہ کے سب سے بڑے جہازوں کا 92 فیصد تباہ کر دیا ہے۔
ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری سمیت دو افراد ہلاک
ابوظہبی میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری سمیت دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق متعدد کاروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔مشرقِ وسطیٰ میں جاری لڑائی کے دوران ابو ظہبی کو بھی متعدد حملوں کا سامنا رہا ہے اور یہاں ایران نے اب تک 2100 سے زائد میزائل اور ڈرونز لانچ کیے ہیں۔اگرچہ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حملوں کو روک دیا گیا ہے، لیکن معلومات تک رسائی میں یہاں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
حملوں سے ہونے والے نقصانات کی تصاویر لینے اور ویڈیو ریکارڈ کرنے کی پاداش میں اب تک 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
اسرائیل میں میزائل حملے میں چھ افراد زخمی
اسرائیل کی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم (ایم ڈی اے) کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل پر ہونے والے میزائل حملے کے بعد چھ افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق کفر قاسم شہر میں بھی کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل ایران کی جانب سے داغے گئے۔
ٹرمپ مئی میں چین کا دورہ کریں گے: وائٹ ہاؤس
امریکی صدر ٹرمپ ایران تنازعہ کی وجہ سے سفر کا شیڈول تبدیل کرنے کے بعد مئی میں چین کا دورہ کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے بدھ کو اعلان کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 14 اور 15 مئی کو اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ دوبارہ طے شدہ سربراہی اجلاس کے لیے چین کا دورہ کریں گے۔
یمن کی انصار اللہ ایران کی حمایت میں میدان جنگ میں اترنے کو تیار: ایرانی میڈیا
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کی انصار اللہ ایران کی حمایت میں میدان جنگ میں اترنے کو تیار ہے۔ اے این آئی کے ٹویٹ کے مطابق یہ دعویٰ منظر عام پر آیا ہے۔
طیارہ شکن میزائل لانچر سائٹس پر حملہ: اسرائیلی فضائیہ
اسرائیلی فضائیہ نے ایران پر تازہ حملوں کا اعلان سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کیا۔ اسرائیلی فضائیہ نے کہا، "انٹیلی جنس کی بنیاد پر، فضائیہ نے تہران کے علاقے میں ایرانی رجیم کے ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے راتوں رات متعدد حملے کیے، ان حملوں میں کئی فضائی اور سمندری ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات کے ساتھ ساتھ دفاعی نظام اور طیارہ شکن میزائل لانچر سائٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔”
ایران کے کسی جزیرے پر قبضہ کرنے کی تیاریاں چل رہی ہیں: باقر قالیباف
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ امریکہ ایک علاقائی ملک کی حمایت سے ایرانی جزیرے پر قبضہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اہم معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا، "کچھ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر، ایران کے دشمن علاقائی ملک کی حمایت سے ایران کے ایک جزیرے پر قبضہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ہماری افواج دشمن کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر انہوں نے کوئی کارروائی کی تو اس علاقائی ملک کے تمام اہم انفراسٹرکچر کو مسلسل اور نہ رکنے والے حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔”
ایران نے امریکی F-18 لڑاکا طیارہ مار گرایا، ویڈیو جاری
ایرانی پاسداران انقلاب (IRGC) نے امریکی F-18 لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ لگاکر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گارڈز نے گرائے گئے طیارے کی فوٹیج جاری کی، جس میں جیٹ کے تیزی سے نیچے آنے کے لمحات کو دکھایا گیا ہے۔ تاہم امریکی سینٹکام نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کوئی ایف 18 طیارہ نہیں گرایا گیا
تہران، تل ابیب، دبئ
ایران نے خلیجی ممالک پر 83 فیصد جبکہ اسرائیل پر محض 17 فیصد حملے کیے: رپورٹ
سعودی پریس ایجنسی نے بدھ کو ایسے حملوں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کی طرف سے داغے کے میزائلوں اور ڈرونز میں سے 83 فیصد کا سامنا جی سی سی ممالک کو کرنا پڑا جبکہ 17 فیصد کا ہدف اسرائیل تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ خلیجی ممالک میں اہم انفراسٹرکچر اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے یہ حملے خطرناک شدت اختیار کر چکے ہیں، جو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
’مجموعی طور پر داغے گئے ہتھیاروں کی تعداد 4,391 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے برعکس، اسرائیل جو براہِ راست ایران پر حملے کر رہا ہے، پر 930 میزائل اور ڈرون حملے ہوئے ہیں، جو کہ کل علاقائی حملوں کا صرف 17 فیصد بنتے ہیں۔‘

