قصور:ضلع قصور میں چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق قصور کے علاقے تھانہ مصطفیٰ آباد کی حدود میں چار سالہ لاورث بچی ملی جو زخمی حالت میں پائی گئی۔بچی کو شدید زخمی حالت میں مصطفیٰ آباد کے قریب پھینکا گیا تھا جسے فوری طور پر قصور کے بابا بلھے شاہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تھانہ مصطفیٰ آباد میں ایس ایچ او حافظ تصدق حسین کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ کے مطابق ایک شخص نے اطلاع دی کہ محلہ نواں تھہ مصطفیٰ آباد میں ایک لاوارث بچی پڑی ہے جس کے کپڑے خون آلود اور جسم زخمی ہے۔
پولیس نے ابتدائی طور پر بچی کو قصور کے بابا بلھے شاہ ہسپتال منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی تاہم تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کے احکامات پرقصور پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کے والدین کو تلاش کر لیا، آر پی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل نے جنرل ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور ڈاکٹرز سے بچی کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ متاثرہ بچی کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نامعلوم ملزمان کو جلد ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔


