اسلام آباد :پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد سازی کی آخری کوششوں کے سلسلے میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور کل استنبول میں ہوگا۔ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کا واضح ایجنڈا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی ترکی روانگی سینئر افغان قیادت کی موجودگی سے مشروط ہے۔ اس بار مذاکرات میں قومی سلامتی کے مشیر کی شرکت بھی متوقع ہے۔
دوسری طرف افغان ذرائع کے مطابق مذاکرات کے اس دور میں افغان وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس ملا عبدالحق واثق کر رہے ہیں جبکہ وفد میں افغان نائب وزیر داخلہ حاجی نجیب اور افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی شامل ہیں۔ افغان مذاکرات کار سہیل شاہین اور انس حقانی پہلے ہی استنبول میں موجود ہیں۔
پاکستانی وفد افغان سرزمین سے پاکستان پرد ہشت گردی بند کرانے پر توجہ مرکوز رکھے گا۔ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کا واضح ایجنڈا ہے۔ پاکستانی مطالبات میں کوئی نرمی نہیں ہوگی،کابل کو دو ٹوک پیغام دے دیا گیا۔ اسلام آباد نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف عملی اقدامات پر زور دیا ہے۔

