لاہور:(حافط نعیم)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن ادارے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت معروف پیڈریاٹرک آنکالوجسٹ اور نیورو آنکالوجسٹ ڈاکٹر سٹفن مائیکل نے کی، جو ہیڈلبرگ یونیورسٹی ہسپتال اور جرمن کینسر ریسرچ سینٹر سے وابستہ ماہرین کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات میں بچوں کے کینسر کے علاج میں تعاون پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ متعارف کرانے والا خطے کا پہلا صوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال لاہور میں تکمیل کے مراحل میں ہے، جبکہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں ہوپ سینٹر کی معاونت کو سراہا جائے گا۔
ڈاکٹر سٹفن مائیکل نے حکومت پنجاب کی صحت کے شعبے میں کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم وسائل کے باوجود علاج کا معیار قابلِ تحسین ہے، اور جرمن و پاکستانی اداروں کے باہمی تعاون سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔

