سیالکوٹ:ـ بیورو رپورٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو
محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ نے زمین و جائیداد کے ریکارڈ میں ردوبدل اور جعلسازی کے الزام میں رجسٹری محرر یاسین کو گرفتار کر لیا ہے۔
رجسٹریشن برانچ میں تعینات رجسٹری محرر یاسین پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر کسی شخص کو ناجائز فائدہ پہنچانے کی غرض سے سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کیا۔ اس غیر قانونی اقدام سے متاثرہ شخص نے محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سیالکوٹ کو باقاعدہ درخواست دی، جس پر محکمہ نے جامع تفتیش کے بعد ملزم یاسین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔
گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم یاسین نے لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کروا لی تھی، تاہم فاضل ہائی کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے پیش کردہ ریکارڈ اور شواہد کا بغور جائزہ لینے کے بعد ملزم کی درخواستِ ضمانت خارج کر دی۔
عدالت کی جانب سے ضمانت خارج ہونے کے فورا بعد محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے لاہور ہائی کورٹ کے احاطے سے ملزم یاسین کو حراست میں لے لیا اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔


