ہانگ کانگ: ہانگ کانگ انٹرنیشنل سپر سکسز ٹورنامنٹ میں ایک انتہائی سنسنی خیز اورلاجواب مقابلے کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کر دیا ہے۔
میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 106 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے کپتان عباس آفریدی نے شاندار طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 53 رنز کی لاجواب اننگز کھیلی، جبکہ عبدالصمد نے بھی 15 گیندوں پر 39 رنز کی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم نے شروع میں کچھ وکٹیں جلد گنوا دیں، لیکن خالد شاہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 71 رنز کی زبردست اننگز کھیلی اور ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔ آخری اوورز میں کھیل انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا جہاں آخری گیند پر میچ کا فیصلہ ہوا۔ یو اے ای کے بلے باز زاہد علی نے آخری گیند پر شاندار چھکا لگا کر ٹیم کو ایک وکٹ سے تاریخی فتح دلادی۔
ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کو اس ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم شائقین کرکٹ کو اس میچ میں زبردست اور پُرجوش مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

