خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
آر پی او سرگودھا رینج سہیل اختر سکھیرا نے ضلع خوشاب کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے ان کا شاندار استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آر پی او کو سلامی پیش کی۔ دورے کے دوران آر پی او نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام کا رویہ اپنایا جائےآر پی او نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید تیز کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لانے کی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر جلد از جلد یکسو کرنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے رات کے اوقات میں پولیس گشت و مؤثر پٹرولنگ میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا۔دورے کے اختتام پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے پولیس افسران اور جوانوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود محکمانہ ترجیحات کا اہم حصہ ہے، اور سرگودھا ریجن پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی کے لیے ہر وقت پرعزم ہے۔


