مہاراشٹر کے ناندیڑ اور بھنڈارا ضلع میں دو بھیانک سڑک حادثات پیش آئے، جس میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھنڈارا /ناندیڑ : پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی صبح سویرے مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع میں ایک ٹرک اور ایس یو وی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین بچوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً چار بجے لکھنی تعلقہ میں مانیگاؤں اور پمپالگاؤں کے درمیان پیش آیا۔
موقع پر موجود ایک پولیس افسر نے بتایا کہ، "ایک بولیرو گاڑی کی ٹکر آئشر ٹرک سے ہوئی۔ حادثے میں بولیرو میں سوار آٹھ افراد جن میں پانچ بالغ اور تین بچے شامل تھے ہلاک ہو گئے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ گروپ چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور سے ناگپور کی جانب قومی شاہرہ 53 کے ذریعے سفر کر رہا تھا۔
ضلع ناندیڑ میں بھیانک سڑک حادثہ:
جمعرات کو مہاراشٹر کے ضلع ناندیڑ میں ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ایک ٹرک اور ٹاٹا میجک گاڑی کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ ناندیڑ-بھوکر ہائی وے پر واقع واکاڈ گاؤں کے قریب پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹاٹا میجک وین بری طرح پچک گئی اور سڑک کے کنارے جا گری۔

