لاہور:صوبہ پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی سے پانچ افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ گوجرانوالہ میں درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
بیان کے مطابق لاہور میں ایک شخص کرنٹ لگنے جبکہ کینال روڈ پر درخت گرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار ہلاک ہوا ہے۔
اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، قصور اور شیخوپورہ میں مختلف واقعات میں 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان ریسکیو فاروق احمد کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائین 1122 پر اطلاع دیں۔

