سیالکوٹ(سلیم احمد اعوان شیخو)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس کانفرنس روم سیالکوٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں ادویات کی فروخت، ڈرگ قوانین پر عملدرآمد اور غیر قانونی میڈیکل پریکٹس سے متعلق کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 28 کیسز کی سماعت کی گئی۔ بورڈ نے بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات فروخت کرنے، ممنوعہ ادویات رکھنے اور فروخت کرنے، نیز غیر قانونی میڈیکل پریکٹس میں ملوث 7 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کا فیصلہ کیا۔
بورڈ نے مختلف خلاف ورزیوں میں ملوث 10 میڈیکل سٹورز کو وارننگ جاری کی جبکہ مزید جانچ اور قوانین پر عملدرآمد کی تصدیق کے لیے 6 کیسز کو ری وزٹ کے لیے مقرر کیا گیا۔ مزید کارروائی اور ریکارڈ کی تکمیل کے لیے 5 کیسز کی سماعت آئندہ اجلاس تک موخر کر دی گئی۔

