چونیاں ( سلطان فرید کی رپورٹ)
چونیاں سٹی تھانہ کی حدود میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان نے ایک نئی تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے، جہاں لڑکوں کے بعد اب لڑکیاں بھی آئس خطرناک نشہ کے استعمال میں ملوث ہونے لگیں ذرائع کے مطابق چونیاں کے ایک محلے میں قائم دربار پر ایک نامعلوم جواں سالہ لڑکی نشے کی حالت میں بے ہوش پائی گئی، جسے دیکھ کر اہل علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آئس جیسے مہلک نشے نے نہ صرف نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے بلکہ اب گھریلو خواتین بھی اس لعنت سے محفوظ نہیں رہیں۔ یونیورسٹیوں، کالجز اور اسکولز کے بعد گھریلو ماحول میں بھی اس نشے کا پھیلاؤ لمحہ فکریہ بنتا جا رہا ہے دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری ہے، تاہم اس کے باوجود نشے کا عام ہونا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے پولیس کے ابتدائی موقف کے مطابق دربار سے ملنے والی لڑکی عادی نشئی معلوم ہوتی ہے جبکہ اس کے اہل خانہ کی تلاش کا عمل جاری ہے شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے خلاف مزید سخت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل اور معاشرے کو اس تباہ کن لعنت سے بچایا جا سکے۔

