نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
نواب شاہ میں گزشتہ شب آنے والے شدید گرد آلود طوفان کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 32 افراد زخمی ہوگئے۔ پیپلز میڈیکل اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری فہرست کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ذرائع کے مطابق طوفان کی شدت کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں درخت، سائن بورڈز اور کمزور تعمیرات گرنے کے واقعات رونما ہوئے، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات سامنے آئے۔ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

