نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)

نواب شاہ میں رات گئے آنے والی شدید آندھی اور گرد آلود طوفان نے شہر بھر میں تباہی مچا دی۔ ذرائع کے مطابق حادثات کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئےتیز رفتار طوفان کے باعث متعدد مقامات پر سولر پینل، کمزور دیواریں، سائن بورڈ اور درخت گر گئے، جس کے نتیجے میں شہری زخمی ہوئے۔ طلوعِ آفتاب کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کے زمینی جائزے کے دوران جگہ جگہ درخت اکھڑے ہوئے، گھروں اور دکانوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے اور سائن بورڈ زمین بوس نظر آئے۔صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر سول اسپتال نواب شاہ میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ میئر نواب شاہ قاضی محمد رشید بھٹی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر یار علی جمالی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے تمام طبی و پیرا میڈیکل عملے کو 24 گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زخمیوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

