چکوال سے جلیل حیدر نقوی کی رپورٹ
جہلم میں خود کو وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کی چیئرپرسن ظاہر کرکے سرکاری پروٹوکول اور سہولیات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والی خاتون کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ جہلم پولیس کے مطابق ملزمہ مہناز سعید نے جہلم سٹی پولیس سے رابطہ کرتے ہوئے اپنا تعارف وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل کی چیئرپرسن کے طور پر کرایا اور سرکاری پروٹوکول سمیت مختلف سہولیات کا مطالبہ کیا۔پولیس حکام نے تصدیق کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل سے رابطہ کیا تو متعلقہ ادارے نے مہناز سعید سے کسی بھی قسم کے تعلق یا عہدے کی سختی سے تردید کر دی۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران جعلسازی ثابت ہونے پر جہلم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو اس کے ایک ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزمہ کی گاڑی سے شراب بھی برآمد ہوئی، جس کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ مہناز سعید کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلع مظفرگڑھ سے بتایا جاتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

