لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونسٹنٹین لیمیٹووسکی نے ملاقات کی جس میں بینک کی ڈائریکٹر جنرل ژاؤہونگ یانگ بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیاوزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کو پنجاب میں جاری ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کو صوبے میں مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں شراکت داری کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ باکو اربن فورم کے 13ویں سیشن میں پنجاب حکومت کے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کو سراہا گیا، جبکہ اس پروگرام کے تحت ایک سال کے دوران ایک لاکھ سے زائد گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر حصے میں الیکٹرک بس اور ای بائیک پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کو پاکستان کے ثقافتی مرکز لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور پنجاب کے ساتھ بینک کی شراکت داری کو قابل قدر قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدے پنجاب کی ترقی اور اصلاحاتی ایجنڈے پر بینک کے اعتماد کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ویسٹ واٹر اینڈ ڈرینج مینجمنٹ پروجیکٹ کے تحت سیوریج نیٹ ورک اور بابو صابو میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام سے نکاسی آب کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے شہری ثقافت میں مثبت تبدیلی آئے گی، جبکہ بی آر بی ڈی کینال میں مجوزہ سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے بینک کا تعاون بھی قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ میں بہتری کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب نئے شہری طرز حکمرانی کے ماڈل کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں ڈیٹا پلاننگ، ٹیکنالوجی مانیٹرنگ اور موسمیاتی سمارٹ انفراسٹرکچر کے ذریعے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی، صحت اور بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات

