نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
پولیس کے مطابق دوڑ تھانے کے ایس ایچ او اپنی ٹیم کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھے کہ ہوت فقیر سے تین چک روڈ کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں قابو کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت امیر علی عرف انگور بروہی ولد ریاض علی بروہی سکنہ ذوالفقار اسٹاپ دوڑ کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ریکارڈ کے مطابق چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف دوڑ اور حسین آباد تھانوں میں اقدامِ قتل، ڈکیتی، پولیس پر حملے، ناجائز اسلحہ اور دیگر دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ اس کا مزید مجرمانہ ریکارڈ سندھ کے دیگر اضلاع سے بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل اور متعدد لائیو راؤنڈز برآمد کر لیے ہیں، جبکہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

