ضلع خیرپور
ہنگورجا رپورٹ: فیاض محسن سولنگی
چند روز قبل کراچی پولیس کی جانب سے ہنگورجا کے رہائشی نوجوان نوید احمد منگنیجو سمیت پانچ نوجوانوں کو ڈاکو قرار دے کر بے دردی سے قتل کرنے کے خلاف منگنیجو برادری، وکلا برادری، سول سوسائٹی، قوم پرست رہنماؤں اور کارکنوں نے کراچی میں بے دردی سے قتل کیے گئے نوجوان نوید منگنیجو کے ورثا کے ہمراہ ایڈووکیٹ سعید احمد منگنیجو کی قیادت میں مچھر چوک سٹی پریس کلب ہنگورجا سے ہنگورجا قومی شاہراہ تک ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کرنے والوں میں گمبٹ بار کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ منور علی شیخ، ایڈووکیٹ سعید احمد منگنیجو، ایڈووکیٹ اشتیاق سولنگی، ایڈووکیٹ دھنی بخش منگنیجو، ایڈووکیٹ نائب سولنگی اور دیگر شامل تھے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں سے معاملے کا نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نوجوان کراچی میں ایک نجی کمپنی میں ملازم تھا، جس کے ماتحت 200 سے زائد ملازمین کام کرتے تھے۔ اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ ہمارے نوجوان کو بے گناہ اغوا کرکے بے دردی سے قتل کیا گیا، جو قانون اور قانونی اداروں سے بالاتر ایک اقدام ہے۔

