نواب شاہ (رپورٹ نفیس آرائیں):
حیسکو انتظامیہ نے آئندہ چند برسوں میں متعدد فیڈرز کو مکمل طور پر لوڈشیڈنگ سے پاک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام کو محفوظ، مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ایسا مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے تحت تمام کنکشن محفوظ ہوں گے، بجلی چوری کی روک تھام ممکن بنائی جائے گی اور مقامی صارفین بھی اپنے علاقوں کے فیڈرز کی نگرانی میں حیسکو سے تعاون کریں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ جن فیڈرز پر ریکوری سو فیصد اور لائن لاسز مقررہ حد کے اندر ہوں گے، وہاں صارفین کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق یہ ماڈل ایک کامیاب “کیس اسٹڈی” کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جس کا معاشی ماہرین بھی جائزہ لے رہے ہیں۔حیسکو کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ادارے نے قومی خزانے کو 25 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا ہے، جبکہ مالی سال کے اختتام تک یہ رقم 30 ارب روپے تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ بجلی چوری میں کمی اور ریکوری میں اضافے کے باعث ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

