جیکب آباد/ٹھل:رپورٹ مجیب کھوسو
جیکب آباد/ٹھل: پسند کی شادی کرنے والے جوڑے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے بااثر سرداروں پر سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ٹھل سے تعلق رکھنے والے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے سدران چنو اور حسن برڑو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سردار احمد علی چنو اور سردار صدام حسین برڑو نے عدالتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی عدالتیں قائم کر رکھی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ پانچ سو سے چھ سو مسلح افراد کے ساتھ ان کے پورے گاؤں کے گھروں کو آگ لگائی گئی، جس کے باعث متعدد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔سدران چنو اور حسن برڑو نے مزید کہا کہ آج بھی کچھ افراد ان کے تعاقب میں ہیں اور ان کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سردار صدام حسین برڑو اور سردار احمد علی چنو قبائل کے درمیان جھگڑا کرانا چاہتے ہیں۔جوڑے نے حکومت، عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تحفظ فراہم کرنے اور واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پائی جا رہی ہے۔

