قاضی احمد رپورٹ: سائیں بخش لاکو
ایس یو پی کے مرکزی صدر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین سید زین شاہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، بجلی کی غیر قانونی لوڈشیڈنگ، بے گناہ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور ملک میں جاری بدعنوان حکمرانی کے خلاف جمعہ کے روز پورے ملک میں احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں، غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں جبکہ نوجوان بے روزگاری کے باعث شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ سید زین شاہ نے مزید کہا کہ سیاسی اختلاف رکھنے والے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرکے انہیں گرفتار کرنا جمہوریت اور آئین کے خلاف عمل ہے۔اس سلسلے میں ایس یو پی کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جمعہ کے دن پورے سندھ کے ہر ضلع میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے اور عوامی مسائل کے خلاف مؤثر آواز بلند کی جائے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق، آئین کی بالادستی، مہنگائی، بے روزگاری اور ناجائز لوڈشیڈنگ کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ عوامی جدوجہد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

