ریاض+لندن:ایران امریکا امن معاہدے میں تاخیر، تیل کی عالمی قیمتیں پھر بڑھ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 78 سینٹ کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 105.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 84 سینٹ اضافے کے ساتھ 99.10 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوتا رہا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل عالمی منڈی میں دونوں اہم آئل بینچ مارکس کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ اس کمی کی بڑی وجہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا وہ بیان تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے خلاف مزید کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل اور پٹرول کے ذخائر میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کو جزوی سہارا ملا ہے۔

