جھڈو (رپورٹ /قیصر راجہ راجپوت) ہیومن رائٹس کونسل پاکستان کی مرکزی رہنما عالیہ خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے، جس کے باعث اشیائے خورونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام ضروری اشیا عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں غریب اور سفید پوش طبقہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہوچکا ہے اور دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جارہا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے براہِ راست اثرات ٹرانسپورٹ، سبزیوں، آٹے، چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ پر پڑ رہے ہیں، جبکہ مہنگائی کے باعث مزدور، دیہاڑی دار اور کم آمدنی والے افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔عالیہ خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کی مشکلات میں کمی آسکے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے:عالیہ خان

