قاضی احمد رپورٹ: سائیں بخش لاکو
قاضی احمد میں منشیات، آئس، ہیروئن، جوا اور سود کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ انسان دوست تنظیم کے چیئرمین ایڈووکیٹ حفیظ الرحمان جونو، حامد خاصخیلی، محمد رمضان لاشاری، امیر حسین ساجدی، سید نظر شاہ، مجیب جونو، عبد الواحد جونو اور رحمان داہری کی قیادت میں شہر کے لوہی پل پر پہنچ کر دھرنے میں تبدیل ہوگئی، جہاں مظاہرین نے منشیات کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ریلی میں قاضی احمد کے مذہبی، سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قاضی احمد اور گرد و نواح کے علاقوں میں جوا، آئس، ہیروئن، چرس اور پابندی شدہ نشہ آور سپاری کا کاروبار کھلے عام جاری ہے، جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے فوری اور سخت اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔ احتجاج کرنے والوں نے ادی فریال تالپور کی جانب سے منشیات کے خلاف کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور قاضی احمد انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ منشیات، سود اور جوا کے اڈوں کا فوری خاتمہ کرکے شہر میں امن و امان بحال کیا جائے۔


