چنیوٹ(فرحان بلال سے)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں صفائی ستھرائی، تجاوزات، صحت، تعلیم، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی مسائل کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام درخواستوں کو مقررہ وقت میں میرٹ پر حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کے لیے سرکاری دفاتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور افسران عوامی مسائل کے حل کے لیے فیلڈ میں متحرک رہیں۔ انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل توجہ سے سنیں اور ان کا قابل عمل اور دیرپا حل یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہو حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، شفافیت اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی

