واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا: ’نئی ایرانی حکومت کے صدر اپنے پیش روؤں کے مقابلے میں کہیں کم انتہا پسند اور کہیں زیادہ ذہین ہیں۔ انھوں نے ابھی ابھی امریکا سے کہا ہے کہ جنگ بند کر دی جائے۔‘
ٹرمپ نے لکھا کہ ’ہم اس پر تب غور کریں گے جب آبنائے ہرمز کھلے گی اور رکاوٹوں سے پاک ہو گی۔‘

ٹرمپ کی یہ پوسٹ بظاہر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے بیان کا رد عمل لگتی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران کے پاس جنگ کو ختم کرنے کے لیے ’ضروری ارادہ‘ موجود ہے، بشرطیکہ کچھ شرائط پوری کی جائیں۔
پزشکیان کے مطابق ان شرائط میں ’لازمی ضمانتیں‘ شامل ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی جارحیت کو روکا جا سکے۔
یہ بیان پزشکیان اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا کے درمیان ایک ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سامنے آیا، جس کی تفصیلات ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے نے جاری کیں۔
انھوں نے کہا تھا: ’ہم نے کبھی بھی کشیدگی یا جنگ کی خواہش نہیں کی اور صورتحال کو معمول پر لانے کا حل جارحانہ حملوں کا خاتمہ ہے۔‘
”ایرانی صدر ذہین ،جنگ بندی مانگی ہے، آبنائے ہرمز کھولنا ہوگی ،“ صدرڈونلڈٹرمپ کادعویٰ

