لاہور:(رپورٹ ملک ظہیر)
لاہور کے علاقے شیراکوٹ میں ڈاکوؤں نے شہری سے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لی۔
پولیس کے مطابق اصغر نامی شخص رکشہ میں دو بیگوں میں بھاری رقم لے جا رہا تھا۔ دورانِ سفر دو ڈاکوؤں نے رکشہ کو روک کر بیگ چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اصغر شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد دونوں ڈاکو رقم سے بھرے بیگ لے کر فرار ہو گئے جبکہ زخمی اصغر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق اصغر 2022 تولے چاندی فروخت کر کے واپس آ رہا تھا جس کی رقم دو بیگوں میں موجود تھی۔
واقعہ شاہ عالم چوک سے فیصل موور کی جانب جاتے ہوئے پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو نشانہ بنایا۔ اصغر علی چاندی فروخت کر کے آرہا تھا ڈاکوں نے رقم سے بڑا بیگ چھینا اور مزاحمت پر سے
فائرنگ کر کے اصغر علی کی ٹانگوں کو چھلنی کر دیا ، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور مضروب کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران جناح ہسپتال پہنچے اور زخمی شہری کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایس پی اقبال ٹاؤن سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


