لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے امریکی بزنس کمیونٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسمبلی چیمبر میں اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون، سرمایہ کاری اور ‘بزنس ٹو بزنس’ (B2B) روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپیکر ملک محمد احمد خاں نے پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور امریکہ کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کا فوری حل وقت کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو ہموار بنایا جا سکے۔ سپیکر کا کہنا تھا”پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے، اور ہمارے تعلقات باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔”
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکرپنجاب اسمبلی محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی وفود کے تبادلوں اور نجی شعبوں کے درمیان براہِ راست رابطوں (B2B) سے معاشی استحکام آئے گا۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اس اہم ملاقات میں دونوں ممالک کی ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
امریکی وفدمیں ڈیوڈ اسکاٹ، ڈانا لائیڈ، ولیم پال، کرسٹینا جین، مائیکل برکلے، ڈاکٹر روبینہ اور اشراہ مال شامل تھے۔ جبکہ پاکستانی وفد میں محسن رانجھا، سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب اور پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی شریک ہوئے
امریکی وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے وژن اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ اسٹریٹجک شراکت داری کے ثمرات عوامی سطح تک پہنچ سکیں۔

