لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کو عالمی ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے معروف عالمی کاروباری ادارے ‘داماک گروپ’ (Damac Group) کو صوبے میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے۔ اس حوالے سے داماک گروپ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، جس میں مستقبل کے بڑے منصوبوں اور ڈیجیٹل اکانومی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
داماک گروپ کے وفد کی قیادت گروپ کے شریک مینجنگ ڈائریکٹرز عامرہ حسین سجوانی اور علی حسین سجوانی کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا، جس پر معزز مہمانوں نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی اور تجارتی وژن کو سراہا۔ملاقات کا سب سے اہم نکتہ حکومتی اور تجارتی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن (Tokenization) کے عمل کو تیز کرنا تھا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اثاثوں کو ڈیجیٹل شکل میں ڈھال کر سرمایہ کاری کے عمل کو شفاف اور تیز بنایا جائے گا۔’نواز شریف آئی ٹی سٹی’ میں تجارتی اثاثوں کی پائلٹ ٹوکنائزیشن کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید تجربہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کو پنجاب کی معاشی صلاحیتوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہپنجاب اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی ڈیجیٹل اکانومی ہے، جس کا ملکی آئی ٹی برآمدات میں 65 فیصد حصہ ہے۔ ہم پنجاب کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کے لیے پاکستان کا گیٹ وے بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ہر سال 25,000 سے زائد آئی ٹی گریجویٹس افرادی قوت کا حصہ بن رہے ہیں، جو عالمی کمپنیوں کے لیے ایک بہترین انسانی سرمایہ ہے۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ جیسے شہر اب تیزی سے ٹیکنالوجی ہب میں تبدیل ہو رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران داماک گروپ کو پنجاب کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جامع بریفنگ دی گئی، جن میں سی بی ڈی (CBD) قائد ماسٹر پلان،سائرس ٹاور اور فائیو اسٹار ہاسپٹلٹی ٹاور،ہائپر ریٹیل مالز اور دیگر انفراسٹرکچر پراجیکٹس شامل ہیں
وزیراعلیٰ نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ پنجاب اب سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین سرزمین بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کو آئی ٹی اور ڈیجیٹل انوویشن کا ابھرتا ہوا مرکز بنانا ہمارا مشن ہے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے یہاں مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے۔داماک گروپ کے وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کے وژن کو سراہتے ہوئے مستقبل میں قریبی اشتراکِ عمل کی یقین دہانی کرائی۔

