تحریر:اسد مرزا
جہاں لفظ بے نقاب ہوں۔۔۔ وہیں سے سچ کا آغاز ہوتا ہے
وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے لاہور کے تاریخی چمبہ ہاؤس میں اپنا ایک باقاعدہ دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس دفتر کی تیاری کا عمل جاری ہے اور وزیرِ اعظم کی اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث ان کی عدم موجودگی میں یہ دفتر سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف اور ان کی ہمشیرہ عائشہ ہارون استعمال کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چمبہ ہاؤس میں قائم ہونے والا یہ دفتر محض ایک انتظامی سہولت نہیں بلکہ پنجاب کی سیاست میں نئی صف بندی اور رابطہ کاری کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے حالیہ دنوں میں سیاسی شخصیات، بیوروکریسی اور دیگر اہم حلقوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق حمزہ شہباز شریف کا رویہ اور اندازِ ملاقات بھی تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ جن شخصیات سے ماضی میں رسمی تعلقات تھے، اب ان کے ساتھ گرمجوشی اور قریبی روابط نظر آ رہے ہیں۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی بدلتے ہوئے سیاسی ماحول کے پیشِ نظر چمبہ ہاؤس کو عملی طور پر وزیرِ اعظم پاکستان کا پنجاب میں نیا سیاسی دفتر قرار دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اس دفتر کے قیام کی ضرورت پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ سیاسی حلقوں کے مطابق طیفی بٹ کے پولیس مقابلے میں مارے جانے کے بعد افواہوں کا طومار اور سینہ گزٹ سےپھیلنے والی خبریں، نیز حمزہ شہباز شریف کا عملی سیاست سے وقتی طور پر پیچھے ہٹنا، ایسے عوامل تھے جن کے باعث وہ صوبائی سطح پر کمزور پڑتے دکھائی دیے۔ بعض ذرائع کے مطابق اس عرصے میں حمزہ شہباز شریف کے کئی انتظامی اور سیاسی معاملات تعطل کا شکار رہے، جس سے ان کا اثر و رسوخ متاثر ہوا۔ تاہم اب صورتحال بدلتی دکھائی دے رہی ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر پنجاب میں اپنی سیاسی موجودگی مستحکم کرنے کے لیے رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ چمبہ ہاؤس میں قائم ہونے والا متوقع دفتر اس سلسلے میں نہ صرف رابطوں کا مرکز ہوگا بلکہ مسلم لیگ (ن) کی اندرونی سیاست اور صوبائی فیصلوں میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر چمبہ ہاؤس کو باضابطہ طور پر وزیرِ اعظم پاکستان کے پنجاب آفس کی حیثیت دے دی جاتی ہے تو یہ اقدام پنجاب کی سیاست میں طاقت کے توازن کو نئی سمت دے سکتا ہے، اور حمزہ شہباز شریف ایک بار پھر صوبائی سیاست میں فعال اور مؤثر کردار ادا کرتے نظر آ سکتے ہیں۔


