کول کتہ :وراٹ کوہلی کی 52ویں سنچری کی بدولت اتوار کو کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف 17 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
رانچی میں کھیلے گئے میچ میں کوہلی نے 120 گیندوں پر 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور روہت شرما کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 136 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو 350 رنز کا ہدف دینے میں اہم کردار نبھایا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے بھرپور مقابلہ کیا۔ بلے باز کوربن بوش نے 51 گیندوں پر 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر میچ کو آخری اوور تک پہنچا دیا۔ آخری اوور میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 18 رنز درکار تھے مگر بوش دوسری گیند پر آؤٹ ہو گئے اور پوری ٹیم 332 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
انڈیا کی جانب سے بائیں ہاتھ کے لیگ سپنر کلدیپ یادیو نے 68 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کر کے سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
آج کے میچ میں تین چھکوں کے بعد روہت شرما نے ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس فارمیٹ میں روہت شرما کی اب تک کل چھکوں کی تعداد 352 ہو چکی ہے۔ جو سابق ریکارڈ ہولڈر شاہد آفریدی کے 351 چھکوں سے آگے ہے۔
اس سے قبل 37 سالہ کوہلی نے مارکو جانسن کی گیند پر چوکا مار کر اپنی 52واں ون ڈے سنچری مکمل کی اور بیٹ اٹھا کر شائقین کے جوش و خروش کا جواب دیا۔
ااس جوڑی کی موجودگی نے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت کے بعد انڈین ٹیم کے حوصلے بڑھائے جس کے پاس زخمی شبمن گل بھی دستیاب نہیں تھے۔
روہت کو جانسن نے 57 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انہوں نے اپنی 51 گیندوں کی اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے مارے۔ جنوبی افریقہ نے انڈیا کے آٹھ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
فروری کے بعد اپنی پہلی سنچری مکمل کرنے کے بعد کوہلی ناندرے برگر کی گیند پر رائیان ریکیلٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 11 چوکے اور سات چھکے لگائے۔
جنوبی افریقہ کے آئیڈن مارکرام ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں کیونکہ ٹیم کے اوپنر ٹیمبا باوما کو پہلے میچ میں آرام دیا گیا ہے۔
اس فتح کے ساتھ انڈیا نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

