کراچی :پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل ٹیموں لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بعد اب کراچی کنگز بھی آئندہ دس برس تک اپنے موجودہ مالکان کے پاس ہی رہے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنچائز کے مالکان سے معاہدے کی تجدید منگل کو ہوئی اور کراچی کنگز نے بھی 10 سال کے لیے معاہدے کی تجدید ارنسٹ اینڈ ینگ کی مقرر کردہ مارکیٹ ویلیو کو قبول کر لیا ہے۔
کراچی کنگز 2020 میں پی ایس ایل کی فاتح بن چکی ہے اور یہ اے آر وائی گروپ کی سلمان اقبال کی ملکیت ہے۔
اس سے قبل پیر کو پی سی بی نے بتایا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی تین ٹیمیں لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اگلے دس برس تک موجودہ فرنچائز مالکان کے پاس ہی رہیں گی۔
پیر کو پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تینوں فرنچائزوں نے اگلے دس برس کے لیے تجدیدی معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں۔پی ایس ایل میں اس وقت چھ ٹیمیں شامل ہیں تاہم کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے بارے میں معاہدوں کی تجدید کے حوالے سے معلومات نہیں دی گئی ہیں۔
لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بعد کراچی کنگز بھی نئے 10 سالہ معاہدے پر رضامند،ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مستقبل پر سوالیہ نشان

