راولپنڈی: پاکستان کے مسٹری اسپنر عثمان طارق نے زمبابوے کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی اور وہ پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے بولر بن گئے۔
سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں زمبابوے کے خلاف میچ میں پاکستان کے اسپنر عثمان طارق نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے یکے بعد دیگرے تین گیندوں پر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عثمان طارق نے ٹونی منیونگا، تشنگا میسکیوا اور ولنگٹن مساکاڈزا کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 4 وکٹیں انے نام کیں۔
عثمان طارق اس عمدہ کارکردگی کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے ہیں جب کہ اس سے قبل فہیم اشرف، محمد حسنین اور محمد نواز بھی ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں۔

