ابو ظہبی :بولی وُڈ اسٹار دیپیکا پڈوکون حجاب لینے پر تنقید کا نشانہ ، ٹرولز اس بار ان کے لباس پر ان کی مخالفت کررہے ہیں یہ لباس انہوں نے ابوظبی کے محکمۂ ثقافت و سیاحت کے اشتراک سے جاری کردہ ایک نئے کمرشل میں پہنا۔
اس کمرشل میں دیپیکا اپنے شوہر اور اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ ابوظبی کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر شامل ہیں۔ ویڈیو میں دونوں کو لُووَر ابوظبی میوزیم میں مجسموں کا مشاہدہ کرتے، قہقہے لگاتے اور پھر شیخ زاید گرینڈ مسجد کی خوبصورت عمارت کو دیکھ کر متاثر ہوتے دکھایا گیا۔
جب جوڑے کی مسجد میں موجودگی کی چند جھلکیاں منظرِ عام پر آئیں تو سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ دیپیکا نے اس موقع پر گہرے عنابی رنگ کا عبایا پہنا تھا جو ان کے پورے جسم کو ڈھانپ رہا تھا، صرف چہرہ اور ہاتھ کھلے تھے، جبکہ رنویر سنگھ سیاہ سوٹ میں دکھائی دیے۔
سوشل میڈیاصارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ حجاب پہن کر اپنی آزادیِ رائے سے منکر ہوگئی ہیں، حالانکہ ماہرین اور کئی صارفین نے وضاحت کی کہ دیپیکا نے حجاب نہیں بلکہ عبایا پہنا تھا، جو مسجد میں خواتین کے لیے لازمی ہے۔ تاہم ان کے پرستاروں کا کہنا تھا کہ دیپیکا نے صرف مقامی ثقافتی اصولوں کا احترام کیا ہے، جیسا کہ ہر خاتون زائر کو مسجد میں داخلے کے وقت ڈھیلا ڈھالا اور پورا جسم ڈھانپنے والا لباس اور سر پر دوپٹہ یا اسکارف اوڑھنا ضروری ہوتا ہے

