سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری نے حکومت سے شدید مطالبہ کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں فوری طور پر ایک مستحکم، بااختیار اور جمہوری بلدیاتی نظام قائم کیا جائے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر اور نچلی سطح پر حل ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیالکوٹ میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک بالخصوص پنجاب کا کسان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر شوگر کرشنگ سیزن کا باقاعدہ آغاز کرے اور گنے کی امدادی قیمت 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا منصفانہ معاوضہ ملنا ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ گندم کی امدادی قیمت کا بھی منصفانہ تعین کیا جائے اور کسانوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے پٹرول، ڈیزل، کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے کسانوں کو درپیش مسائل کا حل حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی، جن میں نومنتحب امیر جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ چوہدری امتیاز بریار، نومنتحب قیم ضلع سیالکوٹ افضل سلہری ایڈووکیٹ اور سیکرٹری نشرواشاعت ضلع سیالکوٹ بھی شامل ہیں۔

