سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
ضلع سانگھڑ کے علاقے میان میں ٹوری مائنر سے نکلنے والا فوجی فیڈر واٹر کورس اوور فلو ہونے کے باعث ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں پانی قریبی بستیوں اور رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ پانی کی زد میں آنے سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر زیرِ آب آ گئی ہیں، جس سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔واٹر کورس بار بار ٹوٹنے اور متعلقہ محکمے کی لاپرواہی کے خلاف متاثرہ مکینوں نے باکھوڑو کے مقام پر سانگھڑ تا چوٹیاری روڈ کو مکمل طور پر بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دے دیا۔ دھرنے میں مردوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں واٹر کورس ماضی میں بھی متعدد مرتبہ ٹوٹ چکا ہے، لیکن محکمہ آبپاشی کے حکام نے ہمیشہ چشم پوشی سے کام لیا اور اس کے مستقل حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے۔
متاثرین کے مطابق ہنگامی صورتحال کے باوجود محکمہ آبپاشی کا کوئی بھی افسر موقع پر موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے عوام خود کو مکمل طور پر بے یار و مددگار محسوس کر رہے ہیں۔احتجاجی مظاہرین نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ:فوری طور پر پھنسے ہوئے پانی کی نکاسی کا انتظام کیا جائے۔ٹوٹے ہوئے واٹر کورس کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے۔پانی سے متاثر ہونے والے خاندانوں اور تباہ شدہ فصلوں کے نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے۔دھرنے کے باعث سانگھڑ تا چوٹیاری روڈ پر تمام ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو چکی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جائز مطالبات کی منظوری اور عملی اقدامات تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔


