چنیوٹ (فرحان بلال سے)
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام قائم کیے گئے ہیٹ ویو کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی و انتظامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد خلیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کیمپ میں ہیٹ ویو سے متاثرہ افراد کے لیے کیے گئے انتظامات، ادویات کی دستیابی، ٹھنڈے پانی، او آر ایس، طبی امداد اور آگاہی سہولیات کا معائنہ کیا ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت کی کہ شدید گرمی کی موجودہ لہر کے پیش نظر شہریوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ہیٹ ویو کیمپوں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔بزرگ افراد، بچوں اور محنت کش طبقے کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل نے ڈپٹی کمشنر کو ہیٹ ویو کے حوالے سے کیے گئے اقدامات، طبی عملے کی دستیابی اور کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

