لاہور:لاہور میں سٹی ٹریفک پولیس کے اعلیٰ عہدے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ڈی آئی جی چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر محمد اطہر وحید کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق انہیں فوری طور پر تبدیل کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، حکومت پاکستان کو مزید احکامات کے لیے رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ وہ حکومت پنجاب میں اپنی تمام ذمہ داریوں سے بھی فوری طور پر فارغ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اطہر وحید گزشتہ چودہ ماہ سے بطور چیف ٹریفک آفیسر لاہور خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنے عہدے سے علیحدگی کی درخواست بھی جمع کروائی تھی، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ موجودہ حالات میں فرائض کی انجام دہی جاری رکھنا ان کے لیے مشکل ہو چکا ہے۔
اپنی درخواست میں انہوں نے حکام سے یہ بھی استدعا کی تھی کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے امور کی مؤثر نگرانی کے لیے کسی موزوں افسر کو تعینات کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ان کی درخواست اور انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا، جبکہ نئے چیف ٹریفک آفیسر کی تعیناتی کا اعلان جلد متوقع ہے



